ہفتہ وار مہنگائی میں 0.37 فیصد اضافہ، سالانہ شرح 4.70 فیصد ریکارڈ
03-11-2026
(لاہور نیوز) ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.37 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 4.70 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، ایک ہفتے کے دوران 13 اشیائے ضروریہ مہنگی جبکہ 11 اشیاء سستی ہوئیں اور 27 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ مہنگی ہونے والی اشیاء میں چکن، ایل پی جی، کیلے، لہسن، پٹرول اور ڈیزل شامل ہیں، ایک ہفتے میں چکن کی فی کلو قیمت میں 35.48 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گھریلو ایل پی جی سلنڈر تقریباً 200 روپے مہنگا ہوا، فی درجن کیلے 7 روپے سے زائد اور لہسن ساڑھے 6 روپے تک مہنگا ہوا، گزشتہ ہفتے پٹرول 8 روپے اور ڈیزل 5.16 روپے تک مہنگا ہوا جبکہ بیف، مٹن، گڑ اور سگریٹس کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ دوسری جانب ٹماٹر فی کلو 7 روپے 14 پیسے تک سستے ہوئے جبکہ انڈے فی درجن تقریباً 20 روپے کم ہو گئے، پیاز فی کلو 4 روپے اور آلو فی کلو 1.67 روپے سستے ہوئے، 20 کلو آٹے کا تھیلا بھی 54 روپے 53 پیسے تک سستا ہوا جبکہ دال ماش، دال مسور، چینی اور گھی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق بریڈ، تازہ دودھ، دہی سمیت 27 اشیاء کی قیمتیں گزشتہ ہفتے مستحکم رہیں۔