ایف آئی اے کی کارروائیاں، 2 انسانی سمگلرز گرفتار
03-11-2026
(لاہور نیوز) ایف آئی اے لاہور نے انسانی سمگلرز اور غیر قانونی ویزا ایجنٹس کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل لاہور کی چھاپہ مار کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کی شناخت چوہدری فرمان اور ملک ایاز فیصل کے نام سے ہوئی ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم چوہدری فرمان لاہور میں "اتحاد ٹریول کنسلٹنٹ" کے نام سے غیر قانونی ٹریول ایجنسی چلا رہا تھا، کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 8 پاکستانی پاسپورٹس، متعدد ورک ویزا کنٹریکٹس اور دیگر دستاویزات برآمد کی گئیں۔ دوسری جانب ملزم ملک ایاز فیصل پر الزام ہے کہ اس نے ایک شہری سے بیلجیئم کے ورک ویزا کے نام پر 13 لاکھ روپے وصول کئے، ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔