خیابانِ جناح پر 15 درخت کاٹنے پر پٹرول پمپ مالک کے خلاف مقدمہ درج
03-11-2026
(لاہور نیوز) درختوں کی کٹائی کا سلسلہ نہ رک سکا، وزیر اعلیٰ پنجاب کے روٹ خیابانِ جناح جوہر ٹاؤن پر 15 درخت کاٹ دیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق ایک نجی پٹرول پمپ نے مرکزی شاہراہ کی گرین بیلٹ کاٹ کر زبردستی راستہ بنا لیا، پی ایچ اے کی اجازت کے بغیر درخت کاٹنے اور گرین بیلٹ تباہ کرنے پر پٹرول پمپ مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پی ایچ اے حکام کا کہنا ہے کہ پٹرول پمپ مالک نے مبینہ طور پر پولیس کی مدد سے غیر قانونی راستہ نکلوایا جبکہ کارروائی کے دوران پی ایچ اے عملے پر حملہ بھی کیا گیا اور موقع پر موجود سرکاری گاڑی کے شیشے توڑ دیئے گئے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف پی ایچ اے ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کر لی ہے، پی ایچ اے حکام کے مطابق گرین بیلٹ تباہ کرنے کے معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ غیر قانونی راستہ بند کروانے کے حوالے سے بھی قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔