مشرقِ وسطیٰ میں جنگی صورتحال، پاکستان سے آج بھی 84 پروازیں منسوخ

03-11-2026

(لاہور نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ اور جنگی صورتحال کے باعث پاکستان کے مختلف بین الاقوامی ایئرپورٹس سے آج مشرقِ وسطیٰ کے مختلف شہروں کیلئے مجموعی طور پر 84 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے آج مشرقِ وسطیٰ کے مختلف شہروں کیلئے 20 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ اسی طرح اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی، ابو ظہبی، دوحہ، بحرین، کویت اور شارجہ سمیت دیگر شہروں کیلئے 18 پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے بھی دبئی، ابو ظہبی، قطر، کویت اور بحرین جانے والی 18 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور سے دبئی، شارجہ، قطر اور ابو ظہبی جانے والی 16 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اسی طرح ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی اور شارجہ سے آنے اور جانے والی 4 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی اور شارجہ کی 8 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ دوسری جانب فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی، شارجہ اور راس الخیمہ سمیت دیگر مقامات کیلئے بین الاقوامی پروازوں کا آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔ منسوخ ہونے والی پروازوں میں امارات، اتحاد ایئر، گلف ایئر، عربیہ، پی آئی اے، ایئر بلیو، فلائی دبئی، قطر ایئر اور فلائی جناح سمیت دیگر ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز شامل ہیں۔ ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 12 دنوں کے دوران پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کیلئے منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 1300 سے تجاوز کر چکی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں جنگی صورتحال کے باعث متحدہ عرب امارات، قطر، ایران، کویت اور بحرین کی فضائی حدود بند یا محدود ہونے سے 28 فروری سے ہزاروں پاکستانی مختلف ایئرپورٹس پر پھنسے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس وقت دوحہ، دبئی، ابو ظہبی، شارجہ اور بحرین سے محدود پیمانے پر ریلیف پروازوں کو مشروط اجازت دی جا رہی ہے۔