جعلی کولڈ ڈرنکس بنانے والا یونٹ بے نقاب، 15 ہزار لٹر مشروبات برآمد

03-11-2026

(لاہور نیوز) عید کے موقع پر سپلائی کیلئے تیار کی گئی جعلی کولڈ ڈرنکس کی بڑی کھیپ کرول گھاٹی کے علاقے میں کارروائی کے دوران پکڑ لی گئی۔

فوڈ سیفٹی ٹیموں  نے معروف برانڈز کی جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مار کر 15 ہزار لٹر تیار مشروبات، 150 لٹر محلول اور 700 خالی بوتلیں تلف کر دیں جبکہ مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران 3 فلنگ مشینیں، 8 سلنڈر اور ایک پریشر پمپ ضبط کیا گیا جبکہ 11 افراد جعلی بوتلیں تیار کرنے کے دھندے میں ملوث پائے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق یونٹ میں غیر فلٹر شدہ نلکے کے پانی، کھلے رنگ، فلیور اور ممنوعہ اجزاء سے کولڈ ڈرنکس تیار کی جا رہی تھیں اور مختلف برانڈز کی نقلی لیبلنگ لگا کر بوتلیں مارکیٹ میں سپلائی کی جا رہی تھیں۔ مزید بتایا گیا کہ صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات تھے اور تیار محلول ممنوعہ ڈرموں میں بغیر ڈھانپے رکھا گیا تھا، جعلسازی کا یہ مکروہ دھندہ رہائشی علاقے میں خفیہ طور پر چلایا جا رہا تھا جس کا سراغ ویجیلنس ٹیم  نے سپلائی چین کی ریکی کے بعد لگایا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور خوراک کے نام پر جعلی کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، رمضان المبارک میں فوڈ سیفٹی ٹیمیں 24 گھنٹے تین شفٹوں میں متحرک ہیں تاکہ عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔