پنجاب میں سکیورٹی ہائی الرٹ، 30 ہزار سے زائد پولیس اہلکار مجالس اور جلوسوں پر تعینات

03-11-2026

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم نے صوبے بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر تعینات افسران کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کو فوری طور پر روکا جا سکے۔ آئی جی پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں مجالس اور عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے 30 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ شہر میں 8 ہزار سے زیادہ افسران و اہلکار مختلف مقامات پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 217 عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے تقریباً 20 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 994 مجالس کی حفاظت کے لیے 10 ہزار سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ حکام کے مطابق صوبے بھر میں 32 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے جبکہ 67 اہم مجالس منعقد کی جائیں گی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ عزاداری جلوسوں اور مجالس میں آنے والے شرکاء کی مکمل چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔ سکیورٹی انتظامات کے تحت خواتین عزاداروں کی تلاشی کے لیے لیڈی پولیس اہلکار بھی تعینات کی گئی ہیں جبکہ جلوسوں میں سادہ لباس میں کمانڈوز بھی موجود ہوں گے۔ اس کے علاوہ جلوسوں کے راستوں کی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں تاکہ سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔