پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے شیڈول کا اعلان

03-10-2026

(لاہور نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 11 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا جس کے مطابق 26 مارچ سے 3 مئی تک 44 میچز کھیلے جائیں گے۔

  شیڈول کے مطابق پی ایس ایل 11 میں پہلی بار آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں سے دو نئی ٹیمیں حیدر آباد کنگز مین اور راولپنڈی پنڈیز لیگ شامل ہیں، پی ایس ایل 11 کے میچز 6 شہروں میں کھیلے جائیں گے، فیصل آباد اور پشاور پہلی بار میچز کی میزبانی کریں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ ہر ٹیم لیگ مرحلے میں 10 میچز کھیلے گی جبکہ پلے آف 28 اپریل سے شروع ہوں گے، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 11 میچز کھیلے جائیں گے اور ایک کوالیفائر بھی شامل ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں پی ایس ایل 11 کے 15 میچز شیڈول ہیں، فیصل آباد میں پہلی بار 7 میچز کھیلے جائیں گے، پشاور کے کرکٹ اسٹیڈیم پہلی بار پی ایس ایل کی میزبانی کرے گا۔ اسی طرح، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں چار میچز اور تمام میچز میں ملتان سلطانز ایکشن میں ہوگی، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل کے 6 میچز شیڈول ہیں، لیگ میں 12 ڈبل ہیڈرز کھیلے جائیں گے۔