دیامر بھاشا ڈیم پانی، فوڈ اور انرجی سکیورٹی کیلئے اہم ہے: چیئرمین واپڈا

03-10-2026

(لاہور نیوز) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ (ر) جنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم پاکستان کی واٹر، فوڈ اور انرجی سکیورٹی کیلئے نہایت اہم ہے۔

  واپڈا اور ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ (ر) جنرل محمد سعید نے اجلاس کی صدارت کی جس میں دیامر بھاشا ڈیم کے لیے باقی ماندہ زمین کے حصول اور منتقلی اور متاثرین کو ہاؤس ہولڈ پیکیج کی ادائیگی پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ لیفٹیننٹ (ر) جنرل محمد سعید کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم پاکستان کی واٹر، فوڈ اور انرجی سکیورٹی کیلئے نہایت اہم ہے، قومی اہمیت کے اس پراجیکٹ کی بلا تاخیر تکمیل انتہائی ضروری ہے، پراجیکٹ کی بلا تاخیر تکمیل میں تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ واپڈا 2025 کے معاہدے پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے، مقامی افراد دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی بروقت تعمیر کو یقینی بنانے میں معاونت کریں، گلگت بلتستان کی انتظامیہ زمین کی خریداری اور متعلقہ اُمور میں تیزی لائے۔ چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ مقامی لوگ دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے سٹیک ہولڈر بنیں اور اس کی بروقت تکمیل میں مدد کریں، حقوق دو ڈیم بناؤ کمیٹی لوگوں کو دیامر بھاشا ڈیم کے طویل مدتی فوائد بارے آگاہ کرے، مقامی لوگ پراجیکٹ کے طویل مدتی اور پائیدار فوائد میں شراکت دار بنیں۔ لیفٹیننٹ (ر) جنرل محمد سعید نے کہا کہ دریائے سندھ پر زیرتعمیر دیامر بھاشا ڈیم ایک میگا، کثیر المقاصد منصوبہ ہے، پراجیکٹ مکمل ہونے پر زرعی مقاصد کیلئے 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا،دیامر بھاشا ڈیم سے 4500 میگاواٹ ماحول دوست اور کم لاگت پن بجلی بھی حاصل ہوگی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کا قیام سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلہ کی روشنی میں جولائی 2018 میں عمل میں لایا گیا،عملدرآمد کمیٹی کا مقصد دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز پر تعمیراتی کام کے جلد آغاز اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل ہے۔ خیال رہے عملدرآمد کمیٹی کے اجلاس باقاعدگی کے ساتھ منعقد ہوتے ہیں، کمیٹی کا یہ آٹھواں اجلاس تھا۔