بنگلادیش ون ڈے سیریز میں 3 کھلاڑی ڈیبیو کریں گے، کپتان شاہین آفریدی

03-10-2026

(ویب ڈیسک) کپتان قومی ون ڈے ٹیم شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کے ساتھ سیریز میں 3 کھلاڑی ڈیبیو کریں گے۔

  ڈھاکا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ اس سیریز کے لیے کسی کو ڈراپ نہیں کیا گیا تاہم نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی کھلاڑی مستقبل میں ٹیم کی مضبوطی کا سبب بنیں گے، ٹیم کو آنے والے ورلڈ کپ کے لیے تیار کیا جا رہا ہے تاکہ بہترین کمبی نیشن بنایا جا سکے۔ کپتان کے مطابق اس سیریز میں تین کھلاڑی ڈیبیو کریں گے جن میں معاذ صداقت، صاحبزادہ فرحان اور شامل حسین شامل ہیں، شاہین آفریدی نے بتایا کہ میچ میں معاذ صداقت اوپننگ کریں گے جبکہ شامل حسین ون ڈاؤن پوزیشن پر بیٹنگ کریں گے۔ کپتان نے کہا کہ جوکھلاڑی اسکواڈ میں سلیکٹ کیے ہیں وہ لسٹ اے اور پاکستان شاہینز کی جانب سےکھیل چکے ہیں، معاذ صداقت اور صاحبزادہ فرحان سمیت چند ایسے کھلاڑی ہیں جو یہاں کھیل چکے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شاہین آفریدی نے کہا کہ ہوم کنڈیشنز میں ہر ٹیم بہتر کارکردگی دکھاتی ہے، ہم ٹیم کی ضرورت اورپچ کی کنڈیشن کے مطابق پلیئنگ الیون کا فیصلہ کریں گے۔