روایتی اسٹامپ پیپر ختم، پنجاب حکومت نے آسان اور شفاف نظام متعارف کرا دیا
03-10-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے روایتی سکیورٹی اسٹامپ پیپر کے استعمال کو ختم کردیا جبکہ بورڈ آف ریونیو کے تحت اسٹامپنگ نظام میں بڑی ڈیجیٹل اصلاحات کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اب شہری اسٹامپ ڈیوٹی کی ادائیگی اور اسٹامپ کے اجرا کو مکمل طور پر آن لائن کر سکتے ہیں، جس سے انہیں بینک جا کر اسٹامپ خریدنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ نئے نظام کے تحت شہری سرکاری پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے ای-اسٹامپ حاصل کر سکیں گے جبکہ موبائل ایپ کے ذریعے ادائیگی اور او ٹی پی تصدیق کے بعد ای-اسٹامپ فوری جاری ہو جائے گا۔ علاوہ ازیں ،ای-اسٹامپ اب عام سفید کاغذ پر ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ کیا جا سکتا ہے، جس سے جعلی یا غیر قانونی اسٹامپ پیپر کے استعمال کے امکانات بھی ختم ہو جائیں گے۔ پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے مطابق ای-اسٹامپنگ سے شفافیت، سہولت اور تیز رفتار سروس کی فراہمی ممکن ہوگی۔ شہری تمام اقسام کی مالیت کے اسٹامپ پیپر آن لائن پورٹل کے ذریعے خود حاصل کر سکیں گے، جبکہ اسٹامپ پیپر کے اجرا کے طریقہ کار میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ اس اقدام سے نہ صرف عام شہریوں کے لیے سہولت پیدا ہوگی بلکہ اسٹامپ پیپر کے نظام میں اصلاحات اور تحفظ بھی یقینی بنیں گے۔ واضح رہے کہ اس نظام سے قبل، پرانے طریقے کے مطابق شہری کو اسٹامپ پیپر حاصل کرنے کے لیے براہِ راست بینک یا سرکاری اسٹورز پر جانا پڑتا تھا۔ اس عمل میں پہلے مطلوبہ مالیت کا اسٹامپ پیپر منتخب کیا جاتا، پھر بینک یا اسٹور میں جا کر نقد رقم یا بینک چیک کے ذریعے اسٹامپ ڈیوٹی کی ادائیگی کی جاتی، اور اس کے بعد ہی اصل سکیورٹی اسٹامپ پیپر حاصل کیا جا سکتا تھا۔ نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت یہ تمام مراحل اب آن لائن پورٹل یا موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے مکمل کیے جا سکتے ہیں، جس سے شفافیت اور آسانی دونوں میں بہتری آئی ہے۔