گورنر پنجاب سے چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ملاقات،کارکردگی پر بریفنگ
03-10-2026
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عبدالعزیز نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن نے گورنر پنجاب کو ادارے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ 2025 پیش کی۔ اس موقع پر سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال چوہدری بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے میں اصلاحات سے اس کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے اداروں میں شفافیت اور میرٹ کی بالادستی نہایت ضروری ہے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن سرکاری محکموں میں میرٹ کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے والا ایک معتبر ادارہ ہے۔ اس موقع پر چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کمیشن نے حتمی نتائج میں اکیڈمک مارکس ختم کرنے جیسی اہم اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2025 کے دوران 10 ہزار 576 امیدواروں کو میرٹ پر منتخب کرکے مختلف سرکاری محکموں میں تقرری کے لیے سفارش کی گئی۔ چیئرمین پی پی ایس سی کے مطابق حتمی نتائج کی میعاد کے دوران نئی ریکوزیشن آنے پر، متعلقہ محکمے کی رضامندی سے ناٹ ریکمنڈڈ امیدواروں کی سفارش کرنے کا اہم فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔