وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا عالمی یومِ گردہ پر خصوصی پیغام

03-10-2026

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ گردہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں 85 کروڑ سے زائد افراد کا گردوں کے مرض میں مبتلا ہونا انتہائی تشویش ناک ہے۔

انہوں نے گردہ عطیہ کرنے والے تمام افراد کے جذبے کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ بنیادی نگہداشت فراہم کرنے والے معالجین کی حوصلہ افزائی اور ان کی مدد کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق صاف پانی کا استعمال، باقاعدہ ورزش اور صحت بخش خوراک کے ذریعے گردوں کے امراض کو کافی حد تک کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ گردہ صحت مند طرزِ زندگی، متوازن غذا اور گردوں کی باقاعدہ جانچ کے بارے میں آگاہی فراہم کرتا ہے۔ اس موقع پر آگاہی مہم کے ذریعے گردوں کے فیل ہونے اور دیگر پیچیدگیوں کے علاج سے متعلق معلومات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بھرپور اور صحت مند زندگی کے لیے گردوں کی صحت کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں گردوں کے مریضوں کے لیے مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ پیچیدہ امراض کے مستند علاج کے لیے ٹرانسپلانٹ کارڈ بھی مہیا کیا گیا ہے۔ مریم نواز شریف نے گردوں کے امراض کے علاج میں مصروف ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملے کی محنت اور لگن کو بھی سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانسپلانٹ کارڈ کے ذریعے ڈائیلسز کے مریضوں کے لیے سالانہ علاج کی حد بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے کڈنی ٹرانسپلانٹ پروگرام سے ہزاروں مریض مستفید ہو رہے ہیں جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈائیلسز سروسز کو نجی شعبے کے تعاون سے بہتر بنایا جا رہا ہے اور جدید مشینری فراہم کی جا رہی ہے۔ مزید برآں گردوں کے مریضوں کو مالی بوجھ سے آزاد کرنے کے لیے فری ڈائیلسز پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔