ملک بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام آج اعتکاف بیٹھیں گے

03-10-2026

(لاہور نیوز) ملک بھر کی ہزاروں مساجد میں لاکھوں فرزندان اسلام آج 20 رمضان المبارک (بروز منگل) بعد نماز عصر سے اعتکاف میں بیٹھیں گے۔

اس دوران معتکفین ہزار راتوں سے افضل رات لیلۃ القدر تلاش کریں گے، عید الفطر کا چاند نظر آنے پر اعتکاف ختم کیا جائے گا۔ اعتکاف بیٹھنے والوں نے تیاریاں مکمل کر لیں، مساجد میں مزید رونقیں بڑھ جائیں گی جبکہ خواتین اپنے گھروں میں اعتکاف کریں گی، مساجد کی کمیٹیوں نے پہلے ہی معتکفین کیلئے خصوصی جبکہ بیشتر مساجد میں معتکفین کیلئے سحر اور افطار کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ رواں سال بھی مساجد میں انفرادی اعتکاف کے ساتھ مختلف دینی جماعتوں اور اداروں کی جانب سے اجتماعی اعتکاف کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں، داتا دربار مسجد میں تقریباً 1600 افراد اعتکاف بیٹھیں گے۔ تاریخی بادشاہی مسجد میں 800، جامع مسجد القادسیہ چوبر جی، جبکہ جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ، جامع مسجد شہداء سمیت دیگر مساجد میں بھی ہزاروں افراد اعتکاف کریں گے، داتا دربار میں متعکفین کے قیام و طعام کے اخراجات محکمہ اوقاف برداشت کرے گا۔ علاوہ ازیں تحریک منہاج القرآن کے بانی شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے رواں سال اجتماعی اعتکاف ملتوی کر دیا، منہاج القرآن کی طرف سے مسلسل 35 سال سے اجتماعی اعتکاف منعقد ہو رہا تھا۔