مریم نواز کا سوہنا پنجاب پروگرام: 51 شہروں میں ترقیاتی سکیموں کا آغاز
03-10-2026
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سوہنا پنجاب پروگرام کے تحت پنجاب کے 51 شہروں میں ترقیاتی سکیموں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تمام شہروں کے لیے ورک ایوارڈز جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس میں پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے مختلف سکیموں پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد، سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل کے علاوہ پی ایم ڈی ایف سی، نیسپاک کے ماہرین اور میونسپل آفیسرز بھی موجود تھے۔ وزیر بلدیات نے بتایا کہ محکمہ بلدیات کو پی ڈی پی کے تحت 52 شہروں کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، جبکہ شہر کھاریاں کی فزیبلٹی محکمہ آبپاشی کے سپرد کر دی گئی ہے۔ 324 روڈ سائیڈ اور 34 انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینکس کی تعمیر وزیراعلیٰ کا فوکس ہے، جس سے اربن فلڈنگ پر قابو پانے کے ساتھ پانی کا وافر ذخیرہ بھی ممکن ہوگا۔ روڈ سائیڈ ٹینکس سے 62 ملین جبکہ دیگر ٹینکس میں 32 ملین گیلن پانی ذخیرہ کیا جائے گا۔ برساتی پانی کے نکاس کے علاوہ زیر زمین آبی ذخائر کو ری چارج کرنا بھی ممکن ہوگا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے صرف لائننگ پائپوں کے استعمال کا حکم دیا ہے، اور یہ ٹیکنالوجی پہلی بار پاکستان منتقل کی گئی ہے۔ مقررہ مقامات پر لائننگ پائپس کے پلانٹس کی تنصیب کا عمل جاری ہے اور مون سون سے قبل ٹینکوں کا کام مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ برساتی پانی کی نکاسی کے لیے 181 کلومیٹر لمبی ڈرینز بن رہی ہیں جبکہ سیور کی مجموعی لمبائی 3500 کلومیٹر اور سڑکوں و گلیوں کی طوالت 2600 کلومیٹر ہے۔ پی ڈی پی کے تحت پہلی بار شہروں کی جامع ماسٹر پلاننگ کی گئی ہے۔ وزیر بلدیات نے سائٹس پر موثر سیفٹی اقدامات پر زور دیا اور ہدایت کی کہ ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز باقاعدگی سے سیفٹی آڈٹ کی رپورٹ ارسال کریں تاکہ منصوبے محفوظ اور مؤثر انداز میں مکمل ہوں۔