اسلامی ممالک کے حوالے سے بے بنیاد تبصروں سے گریز کیا جائے: طاہراشرفی

03-09-2026

(لاہورنیوز) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دوست اسلامی ممالک کے حوالے سے بے بنیاد تبصروں سے گریز کیا جائے۔

  صوبائی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی وزارت خارجہ ایران، اسرائیل جنگ اور عرب ممالک پر حملوں کے حوالے سے موقف بیان کر چکی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عرب اسلامی ممالک میں مقیم پاکستانی وہاں کے قوانین کی مکمل پابندی کریں، ایران ہمارا پڑوسی ہے اور سعودی عرب میں ہمارے مقدسات ہیں۔ چیئرمین پاکستان علما کونسل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل برادر اسلامی ممالک کے درمیان معاملات کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں، اسلام اور مسلمان دشمن اس جنگ کو اُمہ کے درمیان فرقہ وارانہ جنگ بنانا چاہتے ہیں۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ وارانہ تصادم کیلئے سازشیں کی جا رہی ہیں، تمام مکاتب فکر کی قیادات اور عوام کو پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عمل کرنا چاہیے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ قومی یا عوامی املاک کو جلانا یا ملک میں پر تشدد فضا پیدا کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔