ایران میں تیل کی تنصیبات پر حملے، آلودہ ہوا پاکستان پہنچ سکتی ہے، محکمہ موسمیات
03-09-2026
(ویب ڈیسک ) پاکستان کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ایران میں تیل کی تنصیبات پر حالیہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی آلودگی ہوا کے ذریعے پاکستان کے مغربی علاقوں تک پہنچ سکتی ہے جس سے فضائی معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی موجودہ صورتحال کے باعث ہوائیں آلودہ ذرات کو پاکستان کے مغربی حصوں کی طرف لے جا سکتی ہیں جس سے وہاں کی فضا مزید خراب ہو سکتی ہے۔ ایران جو پاکستان کا مغربی ہمسایہ ملک ہے، 28 فروری کو ہونے والے حملوں کے بعد امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کی صورتحال میں ہے، ان حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ 7 مارچ کو تہران میں آئل ریفائنریوں اور ایندھن کے ڈپو پر بڑے فضائی حملوں کے بعد شہر پر زہریلا دھواں چھا گیا جبکہ اتوار کو سیاہ اور تیل آلود بارش بھی رپورٹ ہوئی، تیل کی تنصیبات سے اٹھنے والے گھنے سیاہ دھوئیں نے کئی علاقوں میں سورج کی روشنی کو بھی مدھم کر دیا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مغربی سلسلہ پیر کی شام ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جو 12 مارچ تک برقرار رہ سکتا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔