گجر پورہ میں ڈکیتی کی واردات ناکام، دو ملزمان گرفتار

03-09-2026

(لاہور نیوز) گجر پورہ میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہریوں سے موبائل فون چھیننے والے دو ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان چائنہ سکیم کے قریب گندے نالے کے پاس گن پوائنٹ پر شہریوں کو لوٹنے میں مصروف تھے کہ اسی دوران گجر پورہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان  نے متعدد وارداتیں کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت قاسم اور عرفان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چھینے گئے دو قیمتی موبائل فونز، ایک پستول اور گولیاں بھی برآمد کر لی ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔