گرمی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی، درجہ حرارت 38 ڈگری تک جانے کا امکان
03-09-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور کے شہریوں کیلئے گرمی کی شدت میں اضافے کی خبر سامنے آ گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران شہر میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جس سے شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ آنے والے دنوں میں لاہور کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ سورج کی تپش میں بھی اضافہ متوقع ہے جس سے شہریوں کو موسم کی شدت کا واضح احساس ہو گا۔ آج کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت بھی 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت مزید محسوس کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ فی الحال لاہور میں بارش کے کوئی امکانات موجود نہیں ہیں۔ ماحولیاتی صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا، شہر میں اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 330 سے زائد ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جو شہریوں کی صحت کیلئے تشویشناک قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔