جدید پولیسنگ وژن کی عملی تکمیل: ٹریفک پولیس لاہور کیلئے نئے یونیفارم کی پروقار تقریب

03-08-2026

(لاہور نیوز) وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے جدید پولیسنگ وژن کی عملی تکمیل، ٹریفک پولیس لاہور کے نئے یونیفارم کی پروقار تقریبِ منعقد کی گئی۔

سی ٹی او لاہور ڈاکٹر محمد اطہر وحید اور دیگر سینئر افسران نے ٹریفک وارڈنز کے ہمراہ نیا یونیفارم زیبِ تن کر لیا، سی ٹی او لاہور ڈاکٹر محمد اطہر وحید نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس لاہور کا تمام عملہ 9 مارچ بروز پیر سے لاہور کی شاہراہوں پر نئے یونیفارم کے ساتھ فرائض کی انجام دہی کا آغاز کرے گا۔ جدید طرز اور منفرد انداز سے تیار کردہ یونیفارم وارڈنز کی سہولت کے ساتھ شہریوں کیلئے بھی ایک خوشگوار اور عوام دوست تاثر پیدا کرے گا۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ گرمیوں میں ٹریفک وارڈنز نیوی بلیو پینٹ، سفید شرٹ اور ریفلیکٹو جیکٹ جبکہ سردیوں میں نیوی بلیو جرسی کا استعمال کریں گے۔ لائسنسنگ سینٹرز اور دفاتر میں تعینات مرد و خواتین عملہ نیوی بلیو پینٹ، کوٹ، ٹائی، سفید شرٹ اور پی کیپ کے ساتھ فرائض سرانجام دے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نئے یونیفارم کے رنگ، بیجز اور ڈیزائن کو بین الاقوامی پولیسنگ معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر محمد اطہر وحید  نے کہا کہ نئے یونیفارم کا بنیادی مقصد ٹریفک فورس میں نئے جذبے اور پیشہ ورانہ وقار کو فروغ دینا ہے تاکہ شہری پولیس کو اپنا محافظ اور مددگار سمجھیں۔ نئے یونیفارم کے ساتھ ٹریفک پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ گاڑیاں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نئے یونیفارم، جدید گاڑیوں اور ملٹی آپشنز پر مشتمل ون ایپ کا باقاعدہ آغاز بھی لاہور میں کر دیا گیا ہے۔ ون ایپ کے ذریعے ٹریفک وارڈنز ایک ہی کلک پر مختلف آپریشنل سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے متعدد کارروائیاں فوری طور پر انجام دے سکیں گے۔ ڈرائیونگ لائسنس اور شناختی کارڈ کی تصدیق، ای چالان، کرائم ریکارڈ، چوری شدہ گاڑیوں کا ڈیٹا، فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کی معلومات ایک کلک پر اسکرین پر دستیاب ہوں گی۔