حکومت پنجاب کا پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی پر سخت کریک ڈاؤن کا حکم
03-08-2026
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پٹرول پمپس پر عوام کو قطاروں میں نہ لگنا پڑے، پنجاب بھر میں کہیں بھی مقررہ نرخوں سے زائد پٹرولیم مصنوعات بیچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کی، جس میں مشرق وسطیٰ میں جنگ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا، اس موقع پر پنجاب میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی، ڈیمانڈ اور ذخائر کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد میں توازن کے لئے بچت پالیسی پر اتفاق ہوا، مریم نوازشریف نے زرعی استعمال کے لئے ڈیزل کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا، اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کی مانیٹرنگ پر بھی اتفاق ہوا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے پر سخت کریک ڈاؤن کی ہدایت کر دی جبکہ تمام اضلاع میں انتظامیہ کو پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کی مسلسل مانیٹرنگ کا حکم دیتے ہوئے پیرا اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو صورتحال کی نگرانی اور کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ مریم نواز نے ہدایت کی کہ پٹرول پمپس پر عوام کو قطاروں میں نہ لگنا پڑے، پنجاب بھر میں کہیں بھی مقررہ نرخوں سے زائد پٹرولیم مصنوعات بیچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔