ہارس اینڈ کیٹل شو 2026 کی تقریبات کیلئے مالی بولیاں کھول دی گئیں

03-07-2026

(ویب ڈیسک) ہارس اینڈ کیٹل شو 2026 کی تقریبات کے انعقاد کے لیے ایونٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی مالی بولیاں کھول دی گئی ہیں، جبکہ ایونٹ پر مجموعی طور پر تقریباً 1 ارب 90 کروڑ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ہارس اینڈ کیٹل شو کے مختلف ایونٹس کے انعقاد کے لیے تین کمپنیوں نے مالی بولیاں جمع کرائیں، جنہیں باقاعدہ طور پر کھول دیا گیا ہے۔  جلال صلاح الدین ایونٹ نے افتتاحی تقریب کے انعقاد کے لیے 57 کروڑ 50 لاکھ روپے کی بولی دی ہے، جبکہ اختتامی تقریب کے لیے بھی اسی کمپنی کی جانب سے 52 کروڑ 50 لاکھ روپے کی پیشکش کی گئی ہے۔ ہارس اینڈ کیٹل نمائش کیلئے بھی جلال صلاح الدین ایونٹ کی جانب سے 15 کروڑ کی بولی  جبکہ صوفی فیسٹیول کے لیے 8 کروڑ روپے کی بولی دی گئی ہے۔ دوسری جانب ایڈونٹس کمیونیکیشن پرائیویٹ لمیٹڈ نے فوڈ اینڈ میوزک فیسٹیول کے انعقاد کے لیے 12 کروڑ روپے کی بولی جمع کرائی ہے۔ اسی کمپنی نے فیشن شو کے لیے بھی 12 کروڑ روپے جبکہ فلوٹ ایکٹیویٹی کے لیے 10 کروڑ روپے اور فلاور شو کے لیے 4 کروڑ روپے کی پیشکش کی ہے۔ اسی طرح کوارکس پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے پبلک انٹرٹینمنٹ سرکس کے انعقاد کے لیے 15 کروڑ 80 لاکھ روپے کی بولی دی گئی ہے، جبکہ ٹینٹ پیگنگ اور انٹرنیشنل پولو میچ کے لیے کمپنی نے 11 کروڑ روپے کی پیشکش جمع کرائی ہے۔ حکام کے مطابق موصول ہونے والی بولیوں کا جائزہ لینے کے بعد قواعد و ضوابط کے مطابق اگلے مرحلے میں فیصلہ کیا جائے گا۔