ڈیزل مہنگا مگر ماس ٹرانزٹ کے کرایے برقرار رکھنے کا فیصلہ

03-07-2026

(لاہور نیوز) ڈیزل کی قیمت میں 55 روپے فی لٹر اضافے کے باوجود پنجاب حکومت نے ماس ٹرانزٹ سسٹمز کے کرایوں میں فوری اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کے مطابق مہنگائی کے دباؤ کے باوجود شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سرکاری پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایے فی الحال برقرار رکھے جائیں گے۔ حکومت نے ماس ٹرانزٹ سسٹمز کیلئے سبسڈی میں اضافہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ کرایوں میں فوری ردوبدل سے بچا جا سکے، اس سلسلے میں لاہور میٹرو بس کے شاہدرہ سے گجومتہ روٹ کا کرایہ بدستور 30 روپے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال میٹرو بس کے کرایوں میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔ اسی طرح لاہور کے مختلف روٹس پر چلنے والی سپیڈو بس سروس کے کرایے بھی 20 سے 25 روپے تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کرایوں پر نظرثانی کیلئے جلد وزیراعلیٰ پنجاب کو سمری ارسال کرے گی جس میں ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات اور کرایوں کے ممکنہ جائزے سے متعلق تجاویز شامل ہوں گی۔ دوسری جانب علی ٹاؤن سے ڈیرہ گجراں تک چلنے والی اورنج لائن میٹرو ٹرین کے کرایوں میں بھی کسی قسم کی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حکام کے مطابق چونکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین بجلی سے چلتی ہے اس لئے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اس پر براہ راست اثر نہیں پڑتا۔ اسی طرح لاہور میں مختلف روٹس پر چلنے والی الیکٹرک بس سروس کے کرایے بھی بدستور برقرار رکھے گئے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ چونکہ الیکٹرک بسوں میں ڈیزل استعمال نہیں ہوتا اس لئے ان سروسز کے کرایوں میں فی الحال کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔