ڈیزل مہنگا ہونے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں 25 فیصد تک اضافہ
03-07-2026
(لاہور نیوز) وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55،55 روپے فی لیٹر بڑا اضافہ کیے جانے کے بعد ملک بھر میں مہنگائی کی نئی لہر آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوتے ہی پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے مسافر بسوں، ویگنوں اور منی مزدا کے کرایوں میں گزشتہ سات برس کا سب سے بڑا اضافہ کرتے ہوئے اوسطاً 25 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد لاہور سے دیگر شہروں کا سفر کرنے والے مسافروں کو اب پہلے سے کہیں زیادہ کرایہ ادا کرنا ہوگا۔ نئے کرایوں کے مطابق لاہور سے اسلام آباد / راولپنڈی کا کرایہ جو پہلے 1,850 سے 2,670 روپے تھا، 25 فیصد اضافے کے بعد تقریباً 2,313 سے 3,338 روپے ہو گیا ہے۔ لاہور سے کراچی کا نان اے سی کرایہ جو پہلے 5,600 سے 5,800 روپے تھا، اب بڑھ کر تقریباً 7,000 سے 7,250 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح لاہور سے ملتان کا کرایہ 1,650 روپے سے بڑھ کر تقریباً 2,063 روپے ہو گیا ہے جبکہ لاہور سے فیصل آباد کا کرایہ 980 روپے سے بڑھ کر تقریباً 1,300 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ مزید برآں لاہور سے صادق آباد کا کرایہ 2,430 روپے سے بڑھ کر تقریباً 3,038 روپے، لاہور سے سکھر کا کرایہ 3,400 روپے سے بڑھ کر تقریباً 4,250 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ لاہور سے مری کا کرایہ 2,290 روپے سے بڑھ کر تقریباً 2,863 روپے جبکہ لاہور سے پشاور کا کرایہ 2,530 روپے سے بڑھ کر تقریباً 3,200 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ دوسری جانب ڈیزل کے نرخوں میں اضافے کے باعث گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اوسطاً 25 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ لاہور سے کراچی مزدا 20 فٹ کنٹینر کا کرایہ جو پہلے 72,000 سے 85,000 روپے تھا، اب بڑھ کر تقریباً 90,000 سے 106,250 روپے ہو گیا ہے۔ اسی طرح لاہور سے کراچی 40 فٹ ہائی کیوب کنٹینر کا کرایہ 100,000 سے 120,000 روپے سے بڑھ کر تقریباً 125,000 سے 150,000 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ لاہور سے کراچی ٹرک لوڈ کا کرایہ 1 لاکھ 8 ہزار روپے سے بڑھ کر تقریباً 1 لاکھ 35 ہزار روپے ہو گیا ہے۔ اسی طرح لاہور سے اسلام آباد / راولپنڈی مزدا 16 / 18 فٹ کا کرایہ 35,000 سے 45,000 روپے سے بڑھ کر تقریباً 43,750 سے 56,250 روپے تک پہنچ گیا ہے جبکہ لاہور سے اسلام آباد شہزور 9 فٹ کا کرایہ 20,000 سے 30,000 روپے سے بڑھ کر تقریباً 25,000 سے 37,500 روپے ہو گیا ہے۔ علاوہ ازیں لاہور سے اسلام آباد ٹرک لوڈ کا کرایہ 65,000 روپے سے بڑھ کر تقریباً 81,250 روپے ہو گیا ہے۔ لاہور سے ملتان مزدا 20 فٹ کا کرایہ 28,000 سے 40,000 روپے سے بڑھ کر تقریباً 35,000 سے 50,000 روپے تک پہنچ گیا ہے۔