پنجاب میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ

03-06-2026

(ویب ڈیسک) پنجاب میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تازہ اعدادوشمار کے مطابق بے روزگاری کی شرح 7.3 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جس پر متعلقہ حلقوں میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چار برسوں کے دوران بے روزگاری کی شرح میں 0.6 فیصد اضافہ ہوا ہے، مالی سال 2020-21 میں صوبے میں بے روزگاری کی شرح 6.7 فیصد تھی جو مالی سال 2024-25 تک بڑھ کر 7.3 فیصد تک پہنچ گئی۔ اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ صوبے میں لیبر فورس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے تاہم اس کے مقابلے میں روزگار کے مواقع پیدا نہیں ہو پا رہے، بڑھتی ہوئی لیبر فورس کے مقابلے میں نئی ملازمتوں کی رفتار کم ہونے کے باعث روزگار کا مسئلہ شدت اختیار کر رہا ہے۔ حکام کے مطابق پنجاب میں روزگار کے بڑھتے ہوئے مسئلے کے پیش نظر حکومت نے صورتحال بہتر بنانے کیلئے خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سیل میں معروف ماہرینِ معاشیات اور جاب مارکیٹ کے ماہرین کو شامل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت صوبے میں نئی صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے کیلئے مختلف اقدامات پر غور کر رہی ہے۔