پٹرولیم مصنوعات کی قلت، پٹرول پمپس پر فروخت محدود

03-06-2026

(لاہور نیوز) شہر میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا جس کے باعث متعدد پٹرول پمپس پر صارفین کو محدود مقدار میں پٹرول اور ڈیزل فروخت کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پٹرول پمپس پر صارفین کو محدود پٹرول فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ڈیلرز کو پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بھی کم کر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ڈیزل کی فراہمی میں کمی کے باعث بعض پٹرول پمپس پر ڈیزل بھی محدود مقدار میں فروخت کیا جا رہا ہے، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) سمیت نجی کمپنیوں کے کئی پٹرول پمپس پر ڈیزل کی قلت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈپوز سے بھی پٹرول کی سپلائی ضرورت سے کم کی جا رہی ہے جس کے باعث پٹرول پمپس کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بعض آئل کمپنیاں سستا خریدا ہوا پٹرول اور ڈیزل مہنگے داموں فروخت کرنے کے انتظار میں سپلائی محدود کر رہی ہیں جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔