مصری شاہ پولیس کی کارروائی، موٹرسائیکل چور گینگ گرفتار
03-06-2026
(لاہور نیوز) مصری شاہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موبائل ٹریکنگ اور آئی ایم ای آئی نمبر کی مدد سے موبائل اور موٹرسائیکل چوری میں ملوث دو رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق پولیس نے چوری شدہ موبائل فون کی ٹریکنگ کے ذریعے ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان کے قبضے سے 2 موٹرسائیکلیں، 9 موبائل فونز، غیر قانونی اسلحہ اور 40 ہزار روپے نقدی برآمد کر لی گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان لاہور کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرتے تھے۔ ایس پی سٹی کے مطابق ایس ایچ او علی زیب دستگیر اور سب انسپکٹر منیب نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت سعید اور عماد کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔