جعلی ادویات کی فروخت؛ ڈرگ کنٹرول بورڈ نے الرٹ جاری کر دیا
03-05-2026
(لاہور نیوز) پنجاب کے میڈیکل اسٹورز پر جعلی اور غیرمعیاری ادویات کی فروخت کے بعد پنجاب ڈرگ کنٹرول بورڈ نے 5 ادویات سے متعلق الرٹ جاری کر دیا۔
ٹیسٹنگ میں انکشاف ہوا کہ ادویات کےمخصوص بیچز جعلی اور غیرمعیاری نکلے، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ہڈیوں اور کیلشیم کےمخصوص ملٹی وٹامن جعلی نکلے، اسلام آبادکی فارماسوٹیکل کمپنی کی جعلی ملٹی وٹامنزکی میڈیکل سٹورزمیں فروخت ہو رہی ہے۔ ڈرگ کنٹرول بورڈ کے مطابق کھانسی کا معروف سیرپ غیرمعیاری اور ملاوٹ شدہ نکلا، اس کے علاوہ درد کامخصوص انجیکشن بھی غیرمعیاری نکلا، انجیکشن میں ذرات کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ ڈرگ کنٹرول بورڈ کی رپورٹ کے مطابق درد کا انجیکشن لاہور جب کہ کھانسی کا سیرپ کراچی میں تیار کیا گیا، اس کے علاوہ جانوروں کے استعمال ہونے والے دو انجیکشنز بھی غیر معیاری پائے گئے، ادویات میں اصل اجزا کی مقدار معیار کے مطابق نہیں پائی گئی، جانوروں کی ادویات لاہور اور کراچی کی فارماسوٹیکل کمپنیوں نے تیار کیں۔ دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے ادویات کو میڈیکل سٹورز سے فوری واپس منگوانے کا حکم دے دیا۔