ہزاروں ٹن جمع ہونے والے کچرے کو بروئے کار لایا جائے گا، وزیر بلدیات
03-05-2026
(ویب ڈیسک) صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے سُتھرا پنجاب پروگرام کے تحت پہلے ویسٹ ٹو ویلیو منصوبے کا دورہ کیا اور لکھوڈیر ڈمپنگ سائٹ پر قائم بائیوگیس پلانٹ کا معائنہ کیا۔
دورے کے موقع پر سیکرٹری بلدیات شکیل احمد اور ڈی جی سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، صوبائی وزیر نے پلانٹ کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور منصوبے کی بہتری کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر وزیر بلدیات کو پائلٹ بائیوگیس پراجیکٹ سمیت ویسٹ ٹو ویلیو پروگرام کے مختلف مراحل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ ویسٹ ٹو ویلیو پروگرام کا دائرہ کار مرحلہ وار وسیع کیا جائے گا جبکہ بائیوگیس منصوبے کے بعد بجلی کی پیداوار کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں روزانہ جمع ہونے والے ہزاروں ٹن کچرے کو کارآمد بنا کر توانائی اور دیگر مصنوعات تیار کی جائیں گی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ویسٹ ٹو ویلیو منصوبوں کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ ذیشان رفیق نے بتایا کہ یہ پاکستان میں آلائشوں سے بائیو سی این جی تیار کرنے کا پہلا کامیاب تجربہ ہے اور گزشتہ عیدالاضحی پر جمع کی گئی آلائشوں سے بائیوگیس کی تیاری کا آغاز کیا گیا، پہلے آلائشوں کو ٹھکانے لگانے پر بھاری اخراجات آتے تھے مگر اب اس سے آمدن حاصل ہو گی۔ صوبائی وزیر نے ڈی جی سُتھرا پنجاب اتھارٹی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی، انہوں نے مزید بتایا کہ پاک سوزوکی نے نامیاتی ویسٹ سے کھاد بنانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جبکہ ویسٹ سے تعمیراتی اینٹیں بنانے کی پیشکش کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔