ہربنس پورہ میں رکشہ سٹینڈ پر جھگڑا، فائرنگ سے ایک شخص زخمی
03-04-2026
(لاہور نیوز) ہربنس پورہ میں رکشہ سٹینڈ پر معمولی تلخ کلامی سنگین تصادم میں بدل گئی، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق رکشہ سٹینڈ پر رکشہ کھڑا کرنے کے معاملے پر جمیل عرف بھیا اور سلمان کے درمیان جھگڑا ہوا، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تلخ جملوں کا تبادلہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا، جس کے بعد معاملہ وقتی طور پر ختم ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے کچھ دیر بعد جمیل اپنے ساتھی اشفاق کے ہمراہ دوبارہ موقع پر پہنچا، مبینہ طور پر ملزم اشفاق نے آتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، فائرنگ کے نتیجے میں خادم حسین نامی شخص ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمی کو فوری طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں فائرنگ کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔