مستحق افراد کو امدادی رقم بغیر انکی دہلیز پر پہنچائی جا رہی ہے: عظمیٰ بخاری
03-04-2026
(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے اور تمام مستحق افراد کو امدادی رقم بغیر کسی لائن اور تکلیف کے ان کی دہلیز تک پہنچائی جا رہی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اب تک نگہبان رمضان دستر خوان پر افطاری کرنے والے افراد کی کل تعداد 15 لاکھ 78 ہزار 578 ہو چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 26 لاکھ 8 ہزار 192 نگہبان کارڈز وصول کیے جا چکے ہیں، جبکہ 23 لاکھ 2 ہزار 540 نگہبان کارڈز لوگوں کی دہلیز تک پہنچائے گئے ہیں۔ مزید برآں، 19 لاکھ 68 ہزار 829 نگہبان کارڈز کیش بھی کروائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مریم کو بتائیں ایپ کے ذریعے 13 ہزار 892 شہریوں کو فی کس 10 ہزار روپے کی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے چپے چپے میں بلا تفریق ترقیاتی کام جاری ہیں اور مریم نواز کے ناقدین بھی ان کی کارکردگی کے معترف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز پورے پنجاب کو گھر کی طرح خوبصورت بنا رہی ہیں اور اب ترقی کا سفر صرف لاہور تک محدود نہیں رہا بلکہ اٹک اور رحیم یار خان سمیت دیگر اضلاع میں بھی وہی معیار کے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں جو لاہور میں نظر آتے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز اپنے طرزِ حکومت سے عوام کے دلوں میں جگہ بنا رہی ہیں۔