پی ٹی اے کا ویلیو ایڈڈ سروسز کی غیر قانونی ایکٹیویشن پر عوامی شکایات کا نوٹس

03-04-2026

(ویب ڈیسک)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ویلیو ایڈڈ سروسز کی غیر قانونی اور غیر مجاز ایکٹیویشن سے متعلق عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے باضابطہ ایڈوائزری جاری کر دی۔

ترجمان کے مطابق بعض صارفین کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ ان کے موبائل نمبرز پر ویلیو ایڈڈ سروسز ان کی اجازت کے بغیر فعال کی جا رہی ہیں، اتھارٹی  نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صارف کی اجازت کے بغیر کوئی ویلیو ایڈڈ سروس فعال نہیں کی جا سکتی، وی اے ایس ایکٹیویشن کیلئے ون ٹائم پاس ورڈ  کی تصدیق لازمی قرار دے دی گئی۔ او ٹی پی شیئر کئے بغیر کوئی سروس فعال نہیں ہو گی، جبکہ غیر مجاز ایکٹیویشن ناقابل قبول ہو گی، موبائل صارفین مشکوک لنکس اور غیر ضروری سروسز سے محتاط رہیں، غیر متعلقہ چارجز کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ آپریٹر سے رابطہ کیا جائے ۔ ترجمان نے کہا صارفین شکایت کے اندراج کیلئے پی ٹی اے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم  سے رجوع کریں، صارفین کے حقوق کے تحفظ اور ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔