اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں امریکی ویزا سروس عارضی طور پر معطل

03-03-2026

(لاہور نیوز) اسلام آباد میں قائم امریکی سفارتخانے سمیت لاہور اور کراچی میں امریکی قونصلیٹ جنرل نے 6 مارچ تک تمام ویزا اپوائنٹمنٹس منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔

  امریکی سفارتی حکام کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ سکیورٹی حالات کے تناظر میں احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے۔ اس دوران طے شدہ تمام ویزا انٹرویوز اور دیگر متعلقہ اپوائنٹمنٹس منسوخ رہیں گی۔ سفارت خانے کی جانب سے ویزا درخواست گزاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مزید معلومات اور نئی تاریخوں کیلئے سرکاری ویب سائٹ اور ای میل کے ذریعے جاری کردہ ہدایات پر نظر رکھیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور حالات معمول پر آنے کے بعد ویزا سروسز کی بحالی سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں سکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان میں تعینات مختلف سفارتی مشنز  نے اپنے معمولات کار میں عارضی تبدیلیاں کی ہیں۔