پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی واپسی

03-03-2026

(لاہور نیوز) ملتان سلطانز کی پاکستان سپر لیگ میں واپسی ہوئی ہے، پی ایس ایل فرنچائز سیالکوٹ سٹالینز کا نام تبدیل کر کے ملتان سلطانز رکھ دیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سلمان نصیر  نے کہا ہے کہ گوہر شاہ نے سیالکوٹ سٹالینز کا نام بدلنے کی درخواست کی، اس کے بعد سیالکوٹ سٹالینز کا نام بدل کر ملتان سلطانز رکھ دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گنجائش رکھی گئی تھی کہ 6 ناموں میں سے کوئی ایک نام رکھا جا سکتا ہے۔ سلمان نصیر  نے کہا کہ شائقین کو پی ایس ایل کا بے صبری سے انتظار ہے، پاکستان سپر لیگ کا پہلا میچ اور افتتاحی تقریب لاہور میں ہو گی، پی ایس ایل کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ملتان سلطانز کی چیف ایگزیکٹو گوہر شاہ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں جنوبی پنجاب کی نمائندگی واپس آنے پر خوش ہوں، ٹیم لینے کی وجہ میرے ریجن کو سامنے لانا ہے، میرے لئے بہت ضروری تھا کہ پی ایس ایل میں ملتان سلطانز رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوچ رہے تھے کہ پی ایس ایل میں فتح کیلئے سٹالینز کو سلطانز کی ضرورت ہے، ٹیم کی پرفارمنس شائقین کو غمگین نہیں کرتی بلکہ ہمیں بھی برا لگتا ہے، اگر ٹیم کو بہتر چلا سکوں تو اس کا فائدہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھی ہو گا۔ مالک ملتان سلطانز حمزہ مجید  نے کہا کہ بڑے کام کا مقصد پورا کرنے کیلئے پارٹنر چاہئے ہوتے ہیں، ہماری پارٹنر شپ گوہر شاہ کے ساتھ ہوئی ہے، گوہر شاہ ایک ذہین شخص ہے، گوہر شاہ کرکٹ سے خاص لگاؤ رکھتے ہیں۔