ریلوے کی 8 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کا منصوبہ تیسری بار بھی ناکام
03-03-2026
(لاہور نیوز) پاکستان ریلویز کی جانب سے 8 مسافر ٹرینوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کا منصوبہ تیسری مرتبہ بھی ناکام ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق نجی کمپنیوں نے اوپن نیلامی میں بنچ مارک سے کم بولیاں جمع کرائیں جس کے بعد ریلوے ہیڈکوارٹر نے آؤٹ سورسنگ کا عمل عارضی طور پر روک دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی مجموعی آمدنی سے زائد بنچ مارک مقرر کئے جانے کے باعث نجی کمپنیوں نے عدم دلچسپی کا اظہار کیا، ہیڈکوارٹر میں ہونے والی اوپن نیلامی میں چار نجی کمپنیوں نے پانچ ٹرینوں کیلئے بولیاں جمع کروائیں تاہم تمام بولیاں مقررہ بنچ مارک سے کم رہیں۔ ذرائع کے مطابق ایک نجی فرم نے ہزارہ ایکسپریس کیلئے 3 ارب 50 کروڑ روپے کے بنچ مارک کے برعکس 2 ارب 78 کروڑ روپے کی پیشکش کی، اسی طرح ملت ایکسپریس کیلئے 3 ارب 50 کروڑ روپے کے مقابلے میں 2 ارب 59 کروڑ روپے کی بولی جمع کروائی گئی۔ نئے بنچ مارک پر نجی کمپنیوں اور فرموں نے عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے، جس کے باعث آؤٹ سورسنگ کا تیسرا مرحلہ بھی کامیاب نہ ہو سکا۔