اتفاق ہسپتال میں علاج کی غرض سے آئی فیملی سے واردات، تحقیقات کا آغاز
03-03-2026
(لاہور نیوز) اتفاق ہسپتال میں علاج کی غرض سے آنے والی ایک فیملی کے ساتھ پیش آنے والی واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی، ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی کی ہدایت پر لیاقت آباد پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ متاثرہ شہری افضل کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر کے تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں ایس ایچ او لیاقت آباد کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے جو مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اور دیگر ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش جاری ہے، ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔