علیم ڈار کوچ ہیسن کے اختیارات اور عاقب جاوید کی خاموشی پر مستعفی ہوئے: ذرائع

03-03-2026

(لاہور نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی میں اختلافات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے، ذرائع کے مطابق سابق رکن انتخابی کمیٹی علیم ڈار کے استعفے کے پیچھے کئی اہم وجوہات کارفرما تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو غیر معمولی اختیارات حاصل تھے، جبکہ رکن کمیٹی عاقب جاوید کوچ مائیک ہیسن کی ہر بات میں ہاں میں ہاں ملاتے ہیں اور کسی معاملے پر کھل کر اختلاف نہیں کیا، علیم ڈار مبینہ طور پر اس صورتحال پر تحفظات رکھتے تھے۔ رپورٹس کے مطابق علیم ڈار عالمی کپ کے لیے قومی دستے میں بابر اعظم، شاداب خان اور عثمان خان کی شمولیت کے مخالف تھے۔ ان کا مؤقف تھا کہ ٹیم کا انتخاب حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ انتخابی کمیٹی میں موجود مصباح الحق نے بھی اس معاملے پر خاموشی اختیار کیے رکھی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ علیم ڈار نے عالمی کپ کے لیے محمد رضوان کو نمبر چھ پر کھلانے کی تجویز دی تھی۔ ان کا مؤقف تھا کہ اگر بابر اعظم بغیر نمایاں حالیہ کارکردگی کے ٹیم میں واپسی کر سکتے ہیں تو رضوان کو بھی اسی طرح موقع دیا جانا چاہیے۔ ان تمام دعوؤں کی تاحال باضابطہ تصدیق نہیں ہوسکی اور متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔