پاک افغان کشیدگی، قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ پنڈی منتقل

03-03-2026

(ویب ڈیسک) پاک افغان کشیدگی کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے 5 مارچ سے شروع ہونے والا قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ پنڈی منتقل کر دیا، پشاور کو صرف سیمی فائنل اور فائنل کی میزبانی ملے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ  نے پشاور کو عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی میزبانی دی تھی جس کا شیڈول جاری کیا گیا تھا اور عمران خان کرکٹ سٹیڈیم انتظامیہ  نے ٹورنامنٹ کے تمام انتظامات مکمل کر لئے تھے۔ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹورنامنٹ کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا، ٹورنامنٹ کے میچز 5 مارچ سے 14 مارچ تک پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوں گے، 16 مارچ کو دو سیمی فائنل اور 17 مارچ کو فائنل پشاور میں ہو گا۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا کہ ٹورنامنٹ کے میچز پشاور سے منتقل کرنے کی کیا وجہ ہے، تاہم ذرائع  نے بتایا کہ پاک افغان کشیدگی کی وجہ سے سکیورٹی کے باعث میچز منتقل کئے گئے ہیں۔