برائلر اور انڈوں کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ
03-02-2026
(لاہور نیوز) شہر بھر میں پولٹری مصنوعات کی قیمتیں ایک بار پھر اتار چڑھاؤ کا شکار ہو گئی ہیں۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق برائلر اور انڈوں کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے شہریوں کو جزوی ریلیف ملا ہے، برائلر کے نرخ میں 7 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے جس کے بعد برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 468 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے، تاہم صافی گوشت شہریوں کو 550 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ زندہ برائلر کے نرخ میں بھی 5 روپے کمی کی گئی ہے، فارم گیٹ ریٹ زندہ برائلر 295 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 309 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے، پرچون بازار میں زندہ برائلر کی قیمت 323 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں بھی 1 روپے کی کمی سامنے آئی ہے، تاہم انڈوں کی قیمت 225 روپے فی درجن برقرار ہے، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی 6 ہزار 630 روپے مقرر کی گئی ہے۔