لاہور چڑیا گھر میں نایاب و غیر ملکی طوطوں کی افزائشِ نسل کا آغاز
02-28-2026
(ویب ڈیسک) لاہور چڑیا گھر میں پہلی مرتبہ نایاب اور غیر ملکی طوطوں کی افزائشِ نسل کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سال 2024-25 کے دوران مختلف اقسام کے طوطے خریدے گئے تھے جن میں ایکلیکٹس، کاکاٹو، مونک، سن کونیور اور الیگزینڈرن طوطے شامل ہیں، اب ان پرندوں کی افزائشِ نسل کیلئے جدید نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق انڈوں کو روایتی گھونسلوں سے نکال کر جدید انکیوبیٹرز میں منتقل کیا گیا ہے تاکہ درجہ حرارت اور نمی کو کنٹرول کر کے انڈوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے، اس مقصد کیلئے درآمد شدہ انکیوبیٹرز اور نرسری بھی قائم کی جا رہی ہے، جبکہ جدید ہیچری سسٹم کی تنصیب آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جدید سہولیات کی بدولت آئندہ برسوں میں پرندوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔