پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی کارروائی، خاتون کو ہراساں کرنے والا شاپ منیجر گرفتار

02-28-2026

(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں قائم ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نجی جوتوں کی دکان پر خاتون کو ہراساں کرنے والے شاپ منیجر کو گرفتار کروا دیا۔

متاثرہ خاتون  نے 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کرکے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی، خاتون کے مطابق ملزم  نے انہیں نامناسب انداز میں پکڑا جبکہ اس سے قبل بھی نازیبا پیغامات بھیجتا رہا تھا۔ شکایت موصول ہوتے ہی ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن  نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ پولیس کو موقع پر روانہ کیا، سیف سٹی کی خاتون افسر  نے ویڈیو کال کے ذریعے متاثرہ خاتون سے رابطہ کیا اور مکمل تحفظ کی یقین دہانی کروائی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو موقع سے گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری ہے،  انہوں  نے خواتین سے اپیل کی کہ کسی بھی ہراسانی یا ناخوشگوار صورتحال میں فوری طور پر 15 پر کال کریں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین ویمن سیفٹی ایپ کے چیٹ فیچر اور ویڈیو کال کے ذریعے بھی ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن سے رابطہ کر سکتی ہیں تاکہ انہیں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔