پیکٹا میں اہم عہدوں پر بھرتیوں کا معاملہ مؤخر

02-28-2026

(لاہور نیوز) پیکٹا میں اہم عہدوں پر بھرتیوں کا معاملہ مؤخر کر دیا گیا۔

ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی مجموعی طور پر 79 آسامیوں پر بھرتیاں فی الحال روک دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اب یہ بھرتیاں صوبائی سلیکشن بورڈ کی منظوری سے مشروط ہوں گی، پہلے بھرتیوں کے قواعد و ضوابط کی باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے گی، جس کے بعد آسامیوں کیلئے نیا اشتہار جاری کیا جائے گا۔ اطلاعات ہیں کہ پیکٹا نے مبینہ طور پر محکمانہ منظوری کے بغیر بھرتیوں کا عمل شروع کیا تھا، جس پر صوبائی سلیکشن بورڈ نے اعتراضات اٹھائے، ڈائریکٹر کے عہدے کیلئے 6 لاکھ روپے، ڈپٹی ڈائریکٹر کیلئے 4 لاکھ روپے جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کیلئے 3 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ مقرر کی گئی تھی، اعتراضات کے بعد تنخواہوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سی ای او پیکٹا موسی بخاری کے مطابق معاملہ پہلے پیکٹا بورڈ میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد بورڈ کی منظوری سے قواعد کو حتمی منظوری کیلئے صوبائی سلیکشن بورڈ کو بھجوایا جائے گا۔