سی سی پی او لاہور کا داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی سخت کرنے کا حکم

02-28-2026

(لاہور نیوز) شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ اور حساس مقامات کی سکیورٹی سخت کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت موجودہ سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے اہم ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی سی پی او لاہور  نے ہدایت کی کہ موجودہ حالات کے پیش نظر اہم اور حساس مقامات کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کیا جائے اور تمام پولیس افسران و اہلکار غیر معمولی چوکسی اختیار کریں، انہوں  نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم چیک پوسٹوں اور ناکوں پر سخت چیکنگ یقینی بنانے کا حکم دیا۔ بلال صدیق کمیانہ  نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کومبنگ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سحری و افطاری کے اوقات میں مساجد، امام بارگاہوں اور سہولت بازاروں کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے، انہوں نے سپروائزری افسران کو تاکید کی کہ وہ خود فیلڈ میں جا کر حساس مقامات کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں اور پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔ سی سی پی او لاہور نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔