ہفتہ وار مہنگائی میں کمی مگر 13 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ
02-28-2026
(لاہور نیوز) ملک میں 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔
ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ 14 اشیاء سستی ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے لہسن، مٹن، بیف، دال مسور، دال ماش، دہی اور خشک دودھ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا، اس کے علاوہ ایل پی جی اور کپڑوں کے دام بھی بڑھ گئے، جس سے گھریلو اخراجات میں اضافہ ہوا۔ دوسری جانب ٹماٹر، آلو، چکن، پیاز، انڈے، آٹا، بریڈ اور چینی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے صارفین کو جزوی ریلیف ملا۔ سالانہ بنیادوں پر گندم کے آٹے کی قیمت میں 29.81 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ٹماٹر 17 فیصد، سرخ مرچ 15 فیصد اور کیلے 12 فیصد مہنگے ہوئے، اسی طرح مٹن کی قیمت میں 9 فیصد، گڑ میں 8.36 فیصد اور لکڑی کی قیمت میں 11.40 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ توانائی کے شعبے میں بھی اضافہ سامنے آیا ہے، جہاں سالانہ بنیاد پر گیس چارجز میں 30 فیصد جبکہ بجلی ٹیرف میں 17 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔