حکومتِ پنجاب کا چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ

02-27-2026

(ویب ڈیسک) حکومتِ پنجاب نے چائلڈ لیبر کے خاتمے اور مزدوری کرنے والے بچوں کو دوبارہ تعلیم سے جوڑنے کیلئے نقد رقم دینے کے پائلٹ منصوبے کا آغاز کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

حکام کے مطابق منصوبے کا مقصد بچوں کو محنت مشقت سے نکال کر سکول اور فنی تربیت کی طرف لانا ہے، ابتدائی مرحلے میں نو اضلاع میں ہنگامی بنیادوں پر پائلٹ فیز شروع کیا جائے گا، جس کے تحت 2566 بچوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ بچوں کو تعلیم سے منسلک رکھنے کیلئے کنڈیشنل کیش ٹرانسفر پروگرام متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت ہر مستحق بچے کو 9 ہزار روپے ماہانہ امداد دی جائے گی، امداد بچوں کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی اور پہلی قسط منصوبے کے باضابطہ اجرا کے ایک ماہ بعد جاری کی جائے گی۔ پائلٹ فیز کیلئے مجموعی طور پر 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں، حکام کے مطابق منصوبہ یکم اپریل 2026 سے 31 مارچ 2027 تک ایک سال کیلئے نافذ العمل ہو گا۔ بچوں کی نشاندہی اور کیس فالو اپ کیلئے مربوط طریقہ کار اپنایا جائے گا تاکہ امداد شفاف انداز میں مستحق بچوں تک پہنچ سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر پائلٹ فیز کامیاب رہا تو اس پروگرام کو مرحلہ وار صوبہ بھر میں توسیع دی جائے گی۔