لیسکو کی اتارے گئے خراب میٹرز کی جانچ مکمل کرنے کی ہدایت

02-27-2026

(لاہور نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) انتظامیہ نے صارفین کے اتارے گئے خراب اور مشکوک میٹرز کی جانچ پڑتال دو ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

اس سلسلے میں کمپنی کے تمام 8 آپریشن سرکلز میں جدید میٹر ڈیٹا ڈاؤن لوڈنگ لیبز کو فعال کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اتارے گئے تمام میٹرز کو دو بلنگ سائیکلز کے اندر لازمی طور پر ڈاؤن لوڈ اور تجزیہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ تمام لیبز میں میٹر ڈاؤن لوڈنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے، جدید فرانزک نظام کے ذریعے مشکوک میٹرز میں ٹیمپرنگ اور چھیڑ چھاڑ فوری طور پر پکڑی جا سکے گی۔ لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ صرف دو ماہ کے دوران 72 لاکھ سے زائد زیرِ التواء یونٹس کا انکشاف ہوا ہے اور ریکوری کا عمل تیز کر دیا گیا ہے، 200 سے زائد میٹرز میں ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز اور ٹیمپرنگ آلات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو محمد رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنا دی گئی ہیں اور اب کوئی بھی بجلی چور قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائے گا۔