پنجاب:غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز، 32 ہزارافراد ڈی پورٹ

02-27-2026

(لاہور نیوز) موجودہ سرحدی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر صوبہ پنجاب میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اب تک لاہور سمیت صوبے بھر سے 32 ہزار 588 افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے جبکہ لاہور میں مزید 90 افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں 12 ہزار 273 مرد، 6 ہزار 661 خواتین اور 13 ہزار 654 بچے شامل ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ واپس بھیجے جانے والوں میں 10 ہزار 419 رہائشی ثبوت رکھنے والے، 11 ہزار 98 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز اور 11 ہزار 71 غیر قانونی مقیم غیر ملکی شامل تھے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام غیر قانونی مقیم افراد کا انخلا یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی مقیم باشندوں کے انخلا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔