سٹی ڈویژن پولیس کا سرچ آپریشن، مشکوک افراد کے شناختی کارڈز کی چیکنگ
02-27-2026
(لاہور نیوز) ماہِ صیام میں امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم پر قابو پانے کیلئے سٹی ڈویژن پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق آپریشن ایس پی سٹی بلال احمد کی زیر نگرانی انجام دیا گیا، آپریشن بادامی باغ، نولکھا، شاہدرہ، شاد باغ، مصری شاہ اور سبزی منڈی کے اطراف میں کیا گیا جہاں پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ دیگر سکیورٹی فورسز نے بھی حصہ لیا۔ ترجمان کے مطابق دورانِ آپریشن گھروں، ہوٹلوں اور دکانوں کی تلاشی لی گئی جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی جانچ پڑتال کی گئی، ایس پی سٹی بلال احمد نے مشکوک افراد کے شناختی کارڈز بھی چیک کئے۔ بلال احمد کا کہنا تھا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رہیں گے، حساس مقامات پر ناکے لگا کر مشکوک افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔