پنجاب ریونیو اتھارٹی کا ٹیکس چیکنگ آپریشن، پوش علاقوں میں بھاری جرمانے
02-26-2026
(لاہور نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس ادائیگی میں تاخیر اور ریکارڈ میں خرد برد کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔
چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی کی ہدایت پر لاہور کے پوش علاقوں میں 18 پوائنٹس کا ریکارڈ چیک کیا گیا، جس میں 5 معروف ریسٹورنٹس، 6 ہوٹلز، 4 فاسٹ فوڈ چینز اور 3 کیفیز شامل تھیں۔ چیکنگ کے دوران پی آر اے قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے اور نوٹسز جاری کئے گئے، چیئرمین نے تاکید کی کہ سروسز سیکٹر میں ای آئی ایم ایس کا نفاذ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ معظم اقبال سپرا کے مطابق عوام سے وصول شدہ ٹیکس کو سرکاری خزانے میں جمع نہ کروانا قانوناً جرم ہے، انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے ادا کردہ ٹیکس کی تصدیق سہولت ایپلی کیشن کے ذریعے ضرور کریں۔ چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی نے مزید کہا کہ ٹیکس کی بروقت ادائیگی سے عوامی سہولت کے منصوبوں میں اضافہ اور تواتر برقرار رہتا ہے اور اس کے ذریعے صوبے میں ترقی کے عمل کو تیز کیا جا سکتا ہے۔