گھٹیا کمپین وزیراعلیٰ کی ساکھ کو نقصان نہیں پہنچا سکتی: عظمیٰ بخاری

02-26-2026

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف ایک “گندی اور گھٹیا” سوشل میڈیا کمپین چلائی جا رہی ہے، جسے انہوں نے فتنہ پارٹی کی سوشل میڈیا بریگیڈ اور نام نہاد یوٹیوبرز کے ذریعے منظم قرار دیا۔

عظمیٰ بخاری نے الزام لگایا کہ جب ان کے خلاف کوئی ایکشن لیا جاتا ہے تو اسے سیاسی انتقام یا آزادی اظہار رائے پر قدغن قرار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم میں بعض خواتین کے اکاؤنٹس بھی شامل ہیں جن سے بدنامی پھیلائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2014 سے مریم نواز کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے ، کسی بڑے صحافی نے اس پر کام نہیں کیا، میں نہیں سمجھتی کوئی صحافی اپنے اکاؤنٹ سے اس طرح کی پوسٹیں کرسکتا ہے،جہاز کی آڑ میں ڈیڑھ سو وی لاگ ہوئے ٹی وی چینلز نے سو کے قریب پروگرام کیے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ ذاتی زندگی پر بات کرنے کی تربیت نہیں رکھتے، اس لیے سیاسی امور پر بات کریں گے کیونکہ وہ سیاستدان ہیں۔ انہوں نے جہاز کے معاملے کو بنیاد بنا کر چلائی جانے والی کمپین پر تنقید کی اور سوال کیا کہ کیا باقی وزرائے اعلیٰ بھی رکشہ استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ پارٹی نے جو بدنامی پھیلائی، اس کے وزیر اعظم پہلے بنی گالہ کی شٹل سروس چلاتے تھے، وزیراعلیٰ ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کی بات کی تھی، گورنر ہاؤس کی دیواریں گرائی تھیں، اور لوگوں کو 25 ہزار روپے پر بھرتی کیا تھا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس کمپین سے وزیر اعلیٰ پنجاب پر کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ اللہ عزت دینے والا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ کے لیڈر پہلے بھی اپنے جلسوں میں ذومعنی گفتگو کرتے تھے۔ وزیر اطلاعات نے مریم نواز کی حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کیا اور کہا کہ چالیس ارب روپے کا رمضان پیکج، الیکٹرک بسیں، ایک سو تین ارب روپے کے آسان کاروبار کے قرضے، دہی رانی پروگرام، ستھرا پنجاب کے تحت ڈیڑھ لاکھ نوکریاں اور ڈیڑھ لاکھ گھر بنائے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں، وزیر اعلیٰ نے بلوچستان کے بہن بھائیوں کے لیے دس ارب روپے فراہم کیے اور سیلاب کے بعد دو سو ارب روپے کا پیکج عوام کو دیا۔