ایل ڈی اے کے جوہر ٹاؤن آفس سے ملازم کی موٹرسائیکل چوری
02-25-2026
(لاہور نیوز) ایل ڈی اے کے جوہر ٹاؤن آفس سے سرکاری ملازم کی موٹرسائیکل چوری ہونے کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد اداروں میں سکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھ گئے۔
ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کی پارکنگ سے وی سی سیل کے درجہ چہارم ملازم دانیال کی موٹرسائیکل نامعلوم افراد لے اُڑے، واقعے کے بعد متاثرہ ملازم کی جانب سے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں موٹرسائیکل چوری کی درخواست جمع کرا دی گئی۔ چیف سکیورٹی آفیسر ایل ڈی اے کا کہنا ہے کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اندرونی پارکنگ ایریا میں گارڈز تعینات کر دیئے گئے ہیں اور سکیورٹی مزید سخت کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایل ڈی اے کی اندرونی پارکنگ سے موٹرسائیکل چوری ہونا سکیورٹی پر سوالیہ نشان ہے، جبکہ پارکنگ میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی موجود نہیں تھے، مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایل ڈی اے دفاتر میں نصب بیشتر سی سی ٹی وی کیمرے خراب پڑے ہیں۔